اسلام آباد (اے پی پی)اربعین کیلئے جانیوالے زائرین ایک دن قرنطینہ کے حوالے سے انتظامیہ سے تعاون کریں ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی ) نے عراق سے اربعین کے موقع پر واپس آنے والے زائرین سے حفظان صحت سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں ۔ این سی اوسی اعلامیہ کے مطابق اربعین کے موقع پہ عراق جانے کی اجازت خصوصی اجازت نامہ کے تحت دی گئی تھی،عراق وباء کے تیز ترین پھیلاؤ کے تناظر میں کیٹیگری سی ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔اربعین کے موقع پہ دنیا جہاں سے لوگوں کی عراق آمد کے پس منظر میں ، وہاں رہنے اور واپس آنے والے زائرین انتہائی رسک والے گروپ میں شامل ہیں۔ کیٹیگری سی ممالک سے براہ راست فلائیٹس کی پاکستان آمد و رفت مستقل بند ہے ۔زائرین کو ان کے مذہبی امور کی ادائیگی کے لیے حکومت پاکستان نے خصوصی اجازت دی۔ انتظامیہ کی طرف سے صرف ایک دن کے قرنطینہ کی پابندی فقط وبا کے پھیلاؤ کے رسک کو محدود کرنے اور خود ذائرین کی حفاظت کے لیے ہے ۔16 ستمبر 2021 کو سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دفتر خارجہ کے ذریعے اس بارے میں مطلع بھی کیا گیا تھا ،زائرین سے توقع کی جاتی ہے کے انتظامیہ کا ساتھ دیتے ہوئے ذمہ داری شہری ہونے کا ثبوت دیں۔قبل ازیں کراچی ائیرپورٹ پر عراق سے واپس آئے زائرین نے قرنطینہ سے انکار کردیا۔ کراچی ائیرپورٹ پر احتجاج کے باعث بیرون ملک سے آئی دوسری پروازوں کے مسافروں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا جس پر ائیرپورٹ انتظامیہ نے پولیس کو طلب کرلیا۔کورونا ایس او پی کے تحت زائرین کو 24 گھنٹے قرنطینہ کرنا ہوگا اور جن زائرین کا کورونا ٹیسٹ مثبت ہوگا انہیں مزید 8دن قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔