طور خم(این این آئی)افغان حکومت نے پاکستان سے مریضوں کے علاج اور پاکستان میں داخلے میں مدد کی اپیل کردی۔ایک انٹرویومیں طورخم بارڈر پر تعینات طالبان کے نئے انچارج سید غازی اللّٰہ نے حکومتِ پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ مریضوں کے داخلے کے لیے پالیسی میں نرمی پیدا کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان سے گزارش ہے کہ مریضوں کے داخلے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔طالبان کے نئے انچارج نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے یومیہ 40 مریضوں کو سرحد پار کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔سید غازی اللّٰہ کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت ابھی نئی ہے، افغانستان میں اسپتالوں کی حالت ٹھیک نہیں ہے، وہاں اس وقت ادویات کا بھی فقدان ہے۔