کراچی(جنگ نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کی شدت میں کمی کے باعث کراچی میں سمندری طوفان کا خطرہ ٹل گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان کا رخ مسقط کے ساحل کی طرف ہوگیا جس کے باعث کراچی میں طوفانی بارشوں کا امکان بھی کم ہوگیا ہے جبکہ بلوچستان میں بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ یو ایس جوائنٹ ٹائیفون وارننگ سینٹر پرل ہاربر کی جانب سے جاری کردہ تازہ صورتحال کے مطابق سمندری طوفان کراچی سے دور ہورہا ہے تاہم سسٹم کے مطابق طوفانی بارش کا امکان بلوچستان کی ساحلی پٹی پر ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق طوفان کی شدت میں کمی کے باعث شہر میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم دوپہر تک موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ شام تک ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے۔محکمہ موسمیات کےمطابق گزشتہ شام تک سب سے زیادہ بارش 39 ملی میٹر گلشن حدید میں ریکارڈ کی گئی اس کے بعد ناظم آباد میں 24.4 اور قائد آباد میں 23.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ پی اے ایف مسرور بیس پر 22.5، فیصل بیس 21، ڈی ایچ اے فیز ٹو 12.5، سرجانی 17، گلشن معمار 14.6، نارتھ کراچی 14.6 اور اورنگی ٹاؤن میں 12.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ سعدی ٹاؤن 13.5، اولڈ ائیرپورٹ پر 13.3، جناح ٹرمینل 10.2، یونیورسٹی روڈ 10.7 اور کیماڑی میں 5.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔