کراچی ، اسلام آباد (نمائندہ جنگ ،جنگ نیوز، خبرایجنسیاں) کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کیلئے ڈیڈ لائن ختم، پابندیاں لگیں گی،ملک میں مزید 56 افرادانتقال کرگئے،1411نئے مریض، مثبت کیسز کی شرح 2.8 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے غیر ویکسین شدہ افراد پر پابندیوں کے حوالے سے خبردار کردیا،این سی او سی نے خبردار کیا ہے کہ 30ستمبرتک ویکسین نہ لگوانے والےافراد پر پابندیاں لاگو ہوجائیں گی، اب وہی افراد ہوائی جہاز اور ریل گاڑی میں بیٹھ سکیں گے جن کے پاس ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ ہوگا،ویکسی نیشن نہ کرانے والے افراد شادی بیاہ کی تقریب، شاپنگ مال، ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس میں بھی داخل نہیں ہو سکیں گے۔دوسری جانب کورونا کی لہر کی شدت میں واضح کمی آگئی ہے جس کے پیش نظر مثبت کیسز کی شرح 3 سے بھی کم ہوکر 2.8 ریکارڈ کی گئی۔کورونا اعداد و شمار بتانے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 49 ہزار 49 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1411 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ، ملک بھر میں وائرس سے مزید 56افراد انتقال کر گئے،این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے 3 ہزار 649 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 48163 ہے، تازہ ترین اعدادوشمار کے بعد کورونا سے ہونیوالی مجموعی اموات کی تعداد 27 ہزار 785 جبکہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 46 ہزار 538 ہوگئی ہے ، 11 لاکھ 70 ہزار 590 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں ،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 49 ہزار 49 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 1 کروڑ 94 لاکھ 35 ہزار 155 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں ، ملک میں اب تک 5 کروڑ 95 لاکھ 65 ہزار 195 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 2 کروڑ 90 لاکھ 54 ہزار 821 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں،یہاں راولپنڈ ی ضلع میں مزید تین ہلاکتوں کی سرکاری تصدیق کی گئی ہے،کل41کنفرم کرونا مر یض رپورٹ ہوئے ہیں ، وفاقی دارالحکومت میں 2 مریض جاں بحق ہو ئے ہیں ،134نئے کیسز کے ساتھ ک مریضوں کی تعداد 105516تک پہنچ گئی ہے۔