لاہور(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی کی دوسری نظر بندی بھی غیر آئینی و غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا ،عدالت نے سعد رضوی کے چچا امیر حسین کی درخواست پر فیصلہ سنایا ، عدالت نے قرار دیا حکومت نے نظر بندی کیلئے جو طریقہ کار اختیار کیا وہ غیر آئنی ہے، حکومتی ضابطہ کار میں بہت زیادہ بے ضابطگیاں پائی گئیں ہیں، عدالت نے جن نکات بارے سرکاری وکلاء سے معاونت طلب کی تھی وہ ان پر عدالت کو مطمئن نہ کرسکے ،دوران سماعت عدالت نے قرار دیا کہ یہ ایک انسان کے بنیادی آئینی حقوق کا معاملہ ہے، جس طریقے سے حکومت نے یہ سارا معاملہ ہینڈل کیا اس کی بابت سرکاری وکلاء نے عدالت کو گمراہ کرنیکی کوشش کی،عدالت نے وضاحت طلب کی کہ نظر بندی کیلئے جاری شدہ نوٹیفکیشن کی تاریخیں آپس نہیں ملتیں آپ کیا کہیں گے؟ اس پر بھی سرکاری وکلاء تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔