کابل (جنگ نیوز )ریڈ کراس کے عہدیدار نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر ہے اور جنگ زدہ ملک میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے 2 ہزار سے زائد ادارے بند ہو چکے ہیں۔انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ہلال احمر سوسائٹیز (آئی ایف آر سی) نے خبردار کیا ہے کہ فنڈنگ کی شدید کمی نےافغانستان کے نظام صحت کو تباہی کے دہانے پر دھکیل دیا ہے۔آئی ایف آر سی کے ایشیا پیسفک کے ڈائریکٹر الیگزینڈر میتھیو نے کابل میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ʼلوگ مزید کچھ ہفتوں تک بغیر تنخواہ کے کام کرنے کے لیے رضامند ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ʼلیکن اگر ایک دفعہ ادویات مکمل طور پر ختم ہوگئیں اور اگر آپ اس روشنی کو دوبارہ بحال نہیں کرسکتے، اگر آپ کے پاس کلینک میں آنے والوں کو دینے کے لیے کچھ نہ ہو تو پھر وہ دروازے بند کردیں گے۔