کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے چیئر مین آفاق احمد نے گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر کورنگی انڈسٹریل ایریا سے آئے صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور روپے کی بے قدری پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے چیئر مین آفاق احمد نے کہا کہ پاکستان پر عمران خان کی نہیں عملاًIMFکی حکمرانی ہے موجودہ حکومت اپنی اور اپنے مددگاروں کی ناجائز فرمائشیں پوری کرنے کیلئے IMFسے قرضے لے کر پاکستان کے 22کروڑ عوام کا مستقبل IMFکے ہاتھوں گروی رکھ چکی ہے،حکمرانوں کو عوام کی حالت زار کی قطعی پرواہ نہیں وہ اقتدارکو طول دینے کیلئے بیرونی ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف ہے۔آفاق احمد نے کہا کہ وزراء اور منتخب نمائندوں کی بھاری تنخواہیں اوراسمبلیوں کے حیران کن اخراجات معاشی طور پر تباہ حال ملک کو زیب نہیں دیتے۔ آفاق احمد نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملکی سلامتی کے خاطردفاعی اخراجات برداشت کرنا ہماری ذمہ داری ہے اس میں کوئی کمی نہیں کی جاسکتی لیکن غیرجنگی وغیر دفاعی اخراجات اور حکومت کے غیر ترقیاتی اخراجات پر نظرثانی کی شدید ضرورت ہے۔