بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال نے صوبے کی وزارت اعلیٰ چھوڑنے سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں نے صوبے کی وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ نہیں دیا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان حکومت میں سیاسی کشمکش جاری ہے، جس کے تحت موجودہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اپنی پارٹی بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی صدارت سے مستعفی ہو گئے، جس کے بعد پارٹی رہنماؤں کو نئے صدر کی تلاش ہے۔
بی اے پی کے ناراض اراکین اور اپوزیشن جام کمال کو وزارتِ اعلیٰ سے ہٹانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
بی اے پی کے ناراض اور اتحادی ارکان کا اجلاس میر اسد بلوچ کے گھر ہوا جس میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو سمیت 16 ارکان نے شرکت کی۔
شرکا نے وزیراعلیٰ کے پارٹی عہدے سے استعفے کو ناکافی قرار دیا جب کہ اجلاس میں ناراض اور اتحادی ارکان نے دیگر اراکین سے رابطوں میں مزید تیزی کا فیصلہ کیا۔