• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر شریف کے انتقال سے اردو کامیڈی دیکھنے والے یتیم ہوگئے: یاسر حسین

معروف پاکستانی اداکار یاسر حسین نے کامیڈین کنگ عُمر شریف کے انتقال پر دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’فادر آف کامیڈی ‘عمر شریف کے انتقال سے اردو کامیڈی یتیم ہوگئی ہے۔

یاسرحسین نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر لیجنڈ کامیڈین اور اداکار عمر شریف کے ساتھ ہونے والی پہلی اور آخری ملاقات کی یادگار ویڈیو شیئر کی۔

انہوں نے اپنے شو کی ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ شو عمر شریف صاحب کے ساتھ میری پہلی اور آخری ملاقات کی یاد ہے۔‘

یاسر حسین نے لکھا کہ ’آج اردو کامیڈی دیکھنے والے یتیم ہوگئے ہیں کیونکہ کامیڈی کے باپ سر عمر شریف انتقال کرگئے ہیں۔‘

انہوں نے عمر شریف کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئےلکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔‘

واضح رہے کہ لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔

اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے ، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔

خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔

عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔

انہوں نے تقریباً 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔

تازہ ترین