• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثمینہ پیرزادہ کا عُمر شریف کے انتقال پر اظِہارِ افسوس

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ و میزبان ثمینہ پیرزادہ کی جانب سے کامیڈی کنگ عُمر شریف کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام میں ثمینہ پیرزادہ نے کہا کہ ’ہمارے کامیڈی کے اپنے بادشاہ عُمر شریف کو الوداع۔‘

ثمینہ پیرزادہ نے کہا کہ ’ہمارے چہروں پر مسکراہٹیں لانے اور دلوں کو خوشیوں سے بھرنے کے لیے آپ کا شکریہ۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ ایک لیجنڈ تھے اور ہم خوش قسمت ہیں کہ آپ کو جانتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔

اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے ، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔

خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔

عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر میں ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔

انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔

تازہ ترین