اسلام آباد (جنگ نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کا جوڈیشل کمیشن بنانے سے انکار درست فیصلہ ہے ،حکومت بند گلی میں داخل اور جمہوریت کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی کی جانب سے پاناما لیکس کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنانے سے انکار پر شیخ رشید نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ چیف جسٹس نے درست فیصلہ کیا ہے اور اب حکومت بند گلی میں داخل ہو گئی ہے جسے متفقہ ٹی او آرز بنانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے لڑنے جھگڑنے کا فیصلہ کیا ہے تو حکومت کا ہی نقصان ہو گا، ہمارے ٹی او آرز گئے ہی نہیں تھے کہ مسترد کر دیئے گئے۔