• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر: بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف آپریشن

سکھر(بیورو رپورٹ)شدید گرمی کے موسم میں سیپکو کی جانب سے بھی نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن تیز کردیا گیا ہے۔ سکھر سرکل کے مختلف علاقوں سے 50سے زائد ٹرانسفارمر اتارلئے گئے جن پر 18کروڑ روپے سے زائد کے بقایاجات تھے۔ سپرنٹنڈنٹ انجنیئر عبدالغفار ماکو کی سربراہی میں سیپکو کی ٹیموں نے شہباز رینجرز اور پولیس کی مدد سے سکھر سرکل کے تین اضلاع خیرپور، سکھر اور گھوٹکی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے دوران نادہندگان کے تقریبًا50 ٹرانسفارمر اتارنے کے ساتھ ساتھ 800سے زائد غیر قانونی کنکشن منقطع کر دیئے ، چیف ایگزیکٹو سیپکو دلاور حسنین کی ہدایت پر سکھر، لاڑکانہ اور دادو سرکل میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں بجلی چوری میں ملوث لوگوں پر نئے آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ایس ای سیپکو عبدالغفار ماکو کے مطابق شدید گرمی کے دوران شہری علاقوں میں بجلی کی صرف6گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور تمام سیپکو افسران کو سخت سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہر گز نہ کریں کسی بھی علاقے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، زائد ریڈنگ، بلا جواز ڈیڈکشن بل کی شکایات موصول ہوئیں تو متعلقہ افسر اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صارفین بجلی کو سخت گرمیوں میں ہر ممکن ریلیف پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔
تازہ ترین