• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنڈورا پیپرز میں بھارتی خاندان کی آف شور کمپنی کا انکشاف

ایک بھارتی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ پنڈورا پیپرز میں بھارت کے ایک اسپتال کو چلانے والے خاندان کی بھی آف شور کمپنی سامنے آئی ہے۔

بھارتی اخبار کے مطابق نئی دہلی کا سیتا رام اسپتال چلانے والے بھارتی خاندان کی آف شور کمپنی کے اثاثے 35 اعشاریہ 39 ملین ڈالر مالیت کے ہیں۔

بھارتی اخبار نے بتایا ہے کہ بھارتی فیملی نے برطانوی اوورسیز علاقے کیمین جزائر پر 2006ء میں ٹرسٹ بنائی تھی، 2007ء میں ٹرسٹ کے تحت قائم کمپنی کے اثاثے 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زیادہ تھے۔

بھارتی اخبار نے مزید بتایا ہے کہ کمپنی کے بینیفشری ہولڈر اوم پرکاش نامی صنعت کار ہیں جو بھارت میں 7 کمپنیوں کے ڈائریکٹر ہیں۔

بھارتی اخبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ بھارتی خاندان نے ان خبروں پر ابھی تک کسی ردِ عمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔

دوسری جانب پنڈورا پیپرز کے معاملے پر بھارتی وزارتِ خزانہ کا بیان سامنے آیا ہے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے سینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکسز اور ملٹی ایجنسی کو معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق پنڈورا پیپرز کے معاملے کی تحقیقات سربراہ سی بی ڈی ٹی کی سربراہی میں کی جائے گی۔

حکومتی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم برائے کالا دھن کی سربراہی کرنے والے سپریم کورٹ کے 2 سابق ججر کا بیان بھی اس حوالے سے سامنے آیا ہے۔

سربراہ ایس آئی ٹی کا کہنا ہے کہ پنڈورا پیپرز میں ہوئے حالیہ انکشافات پر ایکشن لیا جائے گا۔

تازہ ترین