پنڈورا پیپرز میں کئی بین الاقوامی نامور فنکاروں کے نام بھی سامنے آئے ہیں جن میں ہسپانوی گلوکارہ شکیرا، گلوکار ایلٹن جان، رنگو اسٹار، جرمن سپر ماڈل کلاڈیا شیفر اور ہسپانوی گلوکار جولیو ایگلیسیاس شامل ہیں۔
آئی سی آئی جے کے صحافیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ شکیرا ، ایلٹن جان، رنگو اسٹار اور کلاڈیا شیفر نے برٹش ورجن آئی لینڈز، پاناما اور بہاماس میں پی او باکس کمپنیاں قائم کیں جنہیں اکثر ٹیکس حکام سے رقم چھپانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
اس حوالے سے گلوکارہ شکیرا کے ایک وکیل نے آئی سی آئی جے کو بتایا کہ کولمبین گلوکارہ ان تمام خبروں کی تردید کرتی ہیں۔
وکیل کا کہنا ہے کہ شکیرا نے بہاماس میں اپنی کمپنیوں کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ٹیکس ادا کرتی ہیں۔
جرمن سپر ماڈل کلاڈیا شیفر کے نمائندے نے بھی یہی دعویٰ کیا ہے کہ وہ برطانیہ میں، جہاں وہ مقیم ہیں، اپنا ٹیکس ادا کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ پنڈورا پیپرز 2016ء میں شائع ہونے والے پاناما پیپرز کا فالو اپ ہیں اور اس میں سامنے آنے والا ڈیٹا پاناما پیپرز سے بھی زیادہ تہلکہ خیز اور وسیع ہے۔
پنڈورا پیپرز دنیا کے 38 مختلف شعبوں میں کاروبار کرنے والے 14 مختلف سروسز فراہم کرنے والوں کی جانب سے لیک ہونے والی دستاویزات ہیں جبکہ ان میں کچھ ریکارڈز 1970ء کی دہائی کے بھی ہیں، ان دستاویزات میں زیادہ تر ریکارڈز 1996ء سے 2020ء تک کے ہیں۔