وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں زیرِ التواء اسحاق ڈار کیس میں فریق بننے کی درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم سے اسحاق ڈار کا سینیٹر کا نوٹیفکیشن معطل ہے، اسحاق ڈار کے نوٹیفکیشن کی معطلی کا کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں اسحاق ڈار کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا بھی کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسحاق ڈار کے حلف نہ اٹھانے سے سینیٹ ہاؤس نامکمل اور عوام کی نمائندگی سے محروم ہے۔
حکومتی درخواست میں کہا گیا ہے کہ رکنِ پارلیمان کے حلف نہ اٹھانے کے معاملے پر قانون بنا لیا ہے۔
واضح رہے کہ 8 مئی 2018ء کو سپریم کورٹ نے از خود نوٹس کے ذریعے اسحاق ڈار کی سینیٹ کی رکنیت معطل کی تھی، سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے تک اسحاق ڈار حلف لے سکتے ہیں نہ انہیں ڈی سیٹ کیا جا سکتا ہے۔
اسحاق ڈار حلف اٹھانے سے متعلق الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھ چکے ہیں۔