اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ ینگ ڈاکٹرز کے مذاکرات ناکام ہو گئے، ینگ ڈاکٹرز نے اسلام آباد میں گرفتار ڈاکٹروں کو رہا نہ کرنے پر ملک بھر میں ہڑتال کی دھمکی دے دی۔
پمز اسپتال میں ہنگامی اجلاس کے بعد چیئرمین ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر حیدر عباسی کا کہنا ہے کہ پُرامن احتجاج پر پولیس کی جانب سے دھاوا بولا گیا جس میں وائی ڈی اے اسلام آباد کے صدر سمیت متعدد ڈاکٹرز کو حراست میں لیا گیا۔
ڈاکٹر حیدر عباسی نے ہنگامی اجلاس میں کہا کہ 4 بجے تک گرفتار ڈاکٹرز کو رہا نہ کیا گیا تو ملک بھر میں کام چھوڑ ہڑتال کریں گے اور سرینگر ہائی وے بلاک کریں گے۔
انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ 4 بجے تک پی ایم سی کے نائب صدر علی رضا استعفیٰ دیں۔
اس سے قبل اسلام آباد میں ینگ ڈاکٹرز نے پی ایم سی کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی اور عمارت پر پتھراؤ کیا، مظاہرین کو روکنے کیلئے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹرز کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا اور متعدد ینگ ڈاکٹرز کو حراست میں لے لیا۔
احتجاجی ینگ ڈاکٹرز نے پی ایم سی کی عمارت پر پتھراؤ بھی کیا، مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی کے مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔
پولیس نے متعدد ینگ ڈاکٹرز کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔