کراچی (جنگ نیوز) پاکستان کے نمبر ون انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ کا مقبول ڈرامہ سیریل ”رنگ محل“ اپنی پہلی ہی قسط سے ناظرین کی محبتیں سمیٹ کر اب اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے بینر تلے تخلیق کئے گئے دلچسپی سے بھر پور ڈرامے کی آخری قسط بدھ کی رات 9 بجے نشر کی جائے گی۔ محبت، جذبات، طبقاتی اختلافات، خوشی اور غم کی ڈور سے بنی گئی یہ دِل چھو لینے والی کہانی شافعہ خان نے تحریر کی جسے ہدایتکار زاہد محمود نے انتہائی عمدگی سے عکس بند کیا۔ ساحر علی بگا کی کمپوزیشن میں ڈرامہ سیریل کے ساؤنڈ ٹریک میں عرفان سلیم کے لیئرکس کو افشاں فواد اور ساحر علی بگا کی مدھر آوازوں کے ساتھ حامد نقوی قوال کی صداکاری نے ایسی ہمنوائی بخشی کہ شائقین جیو اس گیت کے سُروں میں اب تک ڈوبے ہوئے ہیں۔ ڈرامے کی کہانی میں ہمایوں اشرف، سحر خان، اروبا مرزا، علی انصاری، فضیلہ قاضی، راشد فاروقی، شجیر الدین، محسن گیلانی، صبیحا ہاشمی، عاصم محمود، حمیرا بانو، سلمیٰ حسن، ثانیہ شیخ اور شبیر جان نے ایسی یادگار پرفارمنس دی ہے جسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔