کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ‘‘آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کو مان لیں تو ہمیں فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
سابق اسپیشل پراسیکیوٹر نیب عمران شفیق نے کہا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیسوں میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ہے، ماہر معیشت محمد سہیل نے کہا کہ معیشت میں غیریقینی کی صورتحال برقرار ہے۔ ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کو مان لیں تو ہمیں فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
اس کے باوجودہم آرڈیننس کی مخالفت کسی میرٹ کی وجہ سے ہی کررہے ہیں، احتساب اور انتخابی اصلاحات اتفاق رائے سے نہیں کی گئیں تو انتشار پھیلے گا، حکومت مسلسل ریاست میں انتشار کو فروغ دے رہی ہے، حکومت انتخابی اصلاحات اور احتساب پر اپنا ایجنڈا مسلط کررہی ہے۔
پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نیب اصلاحات پر متفق تھیں لیکن پاناما کیس کے بعد پیچھے ہٹ گئیں، حکومت نیب ترامیم میں سنجیدہ ہے تو اتفاق رائے سے تبدیل کرے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کا نیب ترمیمی آرڈیننس کا اصل مقصد چیئرمین نیب کو توسیع دینا اور مستقبل میں خود کو احتساب سے بچانا ہے، حکومت شہادتوں کے مروجہ قوانین کی بھی خلاف ورزی کررہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ چینی پر سبسڈی کو ای سی سی کا لبادہ پہنایا گیا، لوگوں کو ذاتی فائدے دینے کیلئے انسٹیٹیوشن کا کور دیا گیا کیا اس کی جانچ پڑتال نہیں ہونی چاہئے، فرنس آئل لابی کو خوش کرنے کیلئے ایل این جی پر جانتے بوجھتے ہوئے اپنی نالائقی اور نااہلی سے ملک کا اربوں روپے کا نقصان کیا گیا، حکومت آرڈیننس کے ذریعہ اپنے لیے این آر او کی ماں لے رہی ہے، عمران خان نے خود کو اور اپنے ساتھیوں کو مدر آف این آر او دیدیا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کے علاوہ تمام اپوزیشن اور لیگل کمیونٹی نے اس آرڈیننس کی مخالفت کی ہے، ن لیگ نیب ترمیمی آرڈیننس کو مناسب فورم پر چیلنج کرے گی۔
سابق اسپیشل پراسیکیوٹر نیب عمران شفیق نے کہا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیسوں میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ہے، نواز شریف اور مریم نوازسمیت ن لیگی قیادت کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیسز دائر ہیں، ایسے منصوبے جن کی منظوری کابینہ، نیشنل اکنامک کوآرڈینشن کمیٹی یا سی سی آئی کے ذریعہ ہوئی ان کیسوں میں ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
اس میں احسن اقبال کا اسپورٹس کمپلیکس کا کیس انہی جگہوں سے منظور شدہ ہے اس لئے انہیں اس آرڈیننس سے فائدہ مل سکتا ہے۔
اختیارات کے غلط استعمال پر شاہد خاقان عباسی کیخلاف کیسوں کی منظوریاں بھی کابینہ یا اعلیٰ سطح کے اداروں سے ہوئی ہیں لیکن انہیں ان کیسوں میں کوئی ریلیف ملتا نظر نہیں آرہا۔
عمران شفیق کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کیخلاف کیسوں کو بھی نیب ترمیمی آرڈیننس سے ریلیف نہیں مل سکتا ہے،بزنس کے معاملات میں خواجہ سعد رفیق کو فائدہ ہونے کا امکان ہے۔