ماسکو ( نیوز ڈیسک) روس کی تیل اور گیس کمپنیوں نے ایران میں سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق روسی سرکاری تیل اور گیس کمپنیوں کے ایک گروپ نے نائب ایرانی وزیر تیل سے ایک ملاقات میں ایران کے گیس کی صنعت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ رپورٹ کے مطابق مجید چگینی نے روسی وفد سے ملاقات میں گیس صنعت کے مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ روسی فریق نے ایرانی گیس کی صنعت کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان قدرتی گیس کی تجارت کو روسی کمپنیوں کی ترجیحات میں قراردیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس حوالے سے تجاویز کی تفصیلات کا جائزہ لیا جائے گا اور مذاکرات جاری رہیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزیرتیل جواد اوجی نے مضبوط انرجی ڈپلومیسی کو اپنا اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم گیس کی برآمدات اور تجارت کو بڑھانے کے لیے مختلف فریقین سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ بہت سے بین الاقوامی مسائل پر روس اور ایران یکساں موقف رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر عائد کردہ پابندیوں کے باعث ایرانی معیشت انتہائی مشکل حالات کا سامنا کررہی ہے۔ اس صورت حال میں ایران کا دیرینہ حلیف روس اسے مختلف ذرائع سے تعاون فراہم کررہا ہے۔ دونوں ممالک شام سمیت خطے کے کئی ممالک میں عسکری کارروائیوں کے ذریعے اپنا اثرورسوخ قائم کرنے اور علاقائی صورت حال کو اپنے مفاد میں کرنے کے لیے بھی کوشاں ہیں۔