• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف، فضل الرحمٰن ملاقات، فوری انتخابات کا پھر مطالبہ


لاہور ( نمائندہ جنگ، این این آئی) پاکستان ڈیموکریٹک (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں مولانا فضل الرحمٰن اور شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام پر مہنگائی کےبم گرائے جا رہے ہیں ملک فوراً شفاف انتخابات کرائے جائیں، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت اور مہنگائی کیخلاف ہر صورت مارچ کرنا ہوگا۔

مودی فوج کے وقار کو وہ نقصان نہیں پہنچا سکا، جو عمران خان نے نازک معاملات کو ہینڈل کرکے پہنچایا، یہ انتہائی قابل افسوس ہے۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا حکمران عوام پر قہر بن کر مسلط،ان سے خلاصی ہر آدمی کی آرزو ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانافضل الرحمن نے صدر پاکستان مسلم لیگ ن محمد شہباز شریف کے گھر پر ان سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم، مہنگائی اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے پر گفتگو ہوئی۔

بعدازاں شہباز شریف نے مولانا مولانافضل الرحمن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹے و چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، لیکن حکومت غفلت کی نیند سو رہی ہے، پی ڈی ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا مطالبہ ہے ملک میں فی الفور شفاف انتخابات کروائے جائیں، ملک کو ترقی کی منزل کی طرف لے جانے کا یہی ایک راستہ ہے۔

اگرچہ یہ منزل آسان نہیں اور بہت محنت کرنی ہوگی، تب جاکر 2018 سے پہلے کی صورتحال پر آئینگے، اس منزل کی بنیادی سیڑھی شفاف الیکشن ہے، جس پر میں اور مولانا متفق ہیں، حکومت اور مہنگائی کیخلاف مارچ ہرصورت کرنا ہوگا، حکومت کا محاسبہ کرنا ہوگا، مودی فوج کے وقار کو وہ نقصان نہیں پہنچا سکا، جو عمران خان نے نازک معاملات کو ہینڈل کرکے پہنچایا، یہ انتہائی قابل افسوس ہے۔ 

انہوں نے کہاکہ ڈینگی نے ملک میں تباہی مچائی ہوئی ہے، عوام پربجلی اورگیس بم گرائے جا رہے ہیں۔ مولانافضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ کسان،مزدورسمیت ہرطبقہ پریشان ہے، عوام پر قہر بن کر حکومت مسلط ہے، حکومت سے خلاصی ہر آدمی کی آرزو بن چکی ہے، فوری الیکشن پاکستان کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین