چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان عظیم سائنسدان اور سچے پاکستانی تھے۔
چوہدری برادران نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پاکستان کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، انہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، محسن پاکستان کی پاکستان سے محبت کا کوئی ثانی نہیں۔
مونس الہٰی نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان پاکستان کے اصل ہیرو تھے، دنیا میں آج پاکستان کو حاصل مقام ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وجہ سے ہے۔
واضح رہے کہ محسنِ پاکستان، ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان طویل علالت کے باعث اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ طبیعت بہت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو صبح 6 بجے کے آر ایل اسپتال لایا گیا تھا۔
مرحوم کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے اُن کی نماز جنازہ 3 بج کر 30 منٹ پر فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی۔