قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے محسنِ پاکستان، ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ’ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کی خبر سُن کر بہت دُکھ ہوا۔‘
شاہد آفریدی نے کہا کہ ’وہ ہمیشہ ہیرو رہیں گے، پاکستان کے لیے ان کی خدمات بے مثال ہیں۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’اللّہ تعالیٰ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاکستان اور مسلم دنیا کے لیے اُن کی تمام خدمات کا اجر دے گا۔‘
واضح رہے کہ معروف ایٹمی سائنسدان اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان آج صبح خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ عرصہ پہلے کورونا میں مبتلا ہوئے تھے، انہیں آج صبح طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر عبدالقدیر کی نمازِ جنازہ آج دوپہر ساڑھے 3 بجے فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی۔
نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد محسنِ پاکستان کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ فیصل مسجد کے احاطے میں کی جائے گی۔