دوحہ(جنگ نیوز)امریکا سے مذاکرات کے بعد طالبان نے امید ظاہر کی ہے کہ ان مذاکرات کے ذریعے افغانستان میں طالبان کی بننےوالی حکومت کو عالمی سطح پر منوائے جانے کیلئے راہ ہموار ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق طالبان کاکہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ ہونےوالے مذاکرات ’’مثبت‘‘رہے ہیں، امریکا کے افغانستان سے نکلنے اور طالبان کی حکومت بننے کے بعد امریکا اور طالبان وفود میں یہ پہلے دوروزہ مذاکرات تھے۔
طالبان کاکہنا ہے کہ قطر میں ہونے والے مذاکرات مثبت رہے اور انہیں امید ہے کہ ان مذاکرات سے افغانستان میں بننے والی طالبان حکومت کو ناصرف امریکا بلکہ عالمی سطح پر منوائے جانے کی بھی راہ ہموار ہوئی ہے۔
امریکی وفد کے ساتھ ہونےوالی ملاقات کے بعد یورپی یونین کے وفد نے بھی طالبان وفد سے ملاقات کی،دو طرفہ ہونےوالی ملاقات سے متعلق امریکا نے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
طالبان نے امریکا سے ان مذاکرات کے دوران معاشی پابندیوں کو ختم اور 10ارب ڈالرز کے اثاثوں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے،ان کاکہنا ہے کہ وہ ملکی نظام چلانے اور ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے ان پابندیوں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔