فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سعید اقبال نے کہا ہے کہ سابق سینئر وزیر راجہ ریاض کو پیپلزپارٹی چھوڑنے کے جذباتی فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہئے۔ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے پنجاب بھر میں سینئر رہنماؤں کو چھوڑ کر راجہ ریاض کو بڑی عزت اور اعلیٰ عہدوں سے نوازا۔ راجہ ریاض کو چھوٹی باتوں پر دل برداشت نہیں ہونا چاہئے اور نہ ہی جلد بازی میں اتنا بڑا فیصلہ کرنے چاہئے۔ تنظیمی امور کی بہتری میں سیاسی جماعتوں کے اندر وقت کی نزاکت کے ساتھ بہت سے سخت فیصلے بھی کرنے پڑتے ہیں جو جماعت کی بہتری کیلئے ہی ہوتے ہیں تو ایسے فیصلوں سے ہمیں گھبرانا نہیں چاہئے اور نہ ہی اپنے محسنوں کو زوال کے وقت بھولنا چاہئے۔ راجہ ریاض کو پی ٹی آئی میں شمولیت کے فیصلے کو موخر کر کے پیپلزپارٹی میں ہی رہ کر اپنی سیاسی جنگ لڑنی چاہئے۔