اسلام آباد، مینگورہ ،مدین، الپوری (نمائندگان جنگ ) راولپنڈی اسلام آباد سمیت مضافات اور دیگر علاقوں میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش سے جل تھل ہو گیا ، اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی جس کے باعث موسم میں خنکی آگئی ۔ بابو سرٹاپ میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی جس کی وجہ سے سیاحوں کی درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں ،سوات کے سیاحتی علاقوں کالام ،مہوڈنڈ،مدین بحران سمیت گردونواح کے پہاڑوں پر بھی موسم سرما کی پہلی برفباری ہونے سے سردی کی شدت اضافہ ہوگیا ہے، ۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں اتوار کو دن میں موسم صاف رہا تاہم سہ پہر کالی گھٹائیں اور پھر عصر کے وقت اندھیرا چھا گیا ، بعض مقامات پر آندھی بھی چلی ، شہر کی بعض شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا ، محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش اسلام آباد میں 44، راولپنڈی ، اٹک 13،ما لم جبہ 21، کا لام 15 ،اپردیر 14، سیدوشریف 11ملی میٹر بارش ہوئی،آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب اوربالائی خیبر پختونخوا ،کشمیر، گلگت بلتستان میں آندھی/تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے،اس دوران کشمیر اوربالائی خیبر پختونخوامیں چند مقامات پرموسلادھار بارش بھی متوقع ہے،گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی ، دادو 41،تربت ، شہید بینظیر آباد اور موہنجوداڑو میں 40ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔ ادھر سوات کے سیاحتی علاقوں کالام ،مہوڈنڈ سمیت گردونواح کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری ہونے سے سردی کی شدت اضافہ ہوگیا ۔