نیشنل ٹی20 کپ کے29ویں میچ میں سندھ نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، محمد طحہ مین آف دی میچ قرار پائے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سندھ اور بلوچستان کی ٹیموں نے اپنا اپنا آخری لیگ میچ کھیلا۔
سندھ کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بلوچستان کے بیٹسمینوں نے محتاط آغاز کیا۔
سہیل اختر کے 37، عبدل بنگلزئی کے 29 اور عبداللّٰہ شفیق 22 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے، یوں بلوچستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 113 رنز بنائے۔
سندھ کے ابرار احمد نے 2، رومان رئیس اور دانش عزیز نے 1،1وکٹ اپنے نام کی۔
سندھ نے 114رنز کا ہدف 18اعشاریہ 4 اووز میں 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا اور اپنے لیگ میچز کا اختتام فتح سے کیا۔
ٹیم کی فتح میں مڈل آرڈر بیٹسمین محمد طحہ کی ذمے دارانہ اننگز کا نمایاں کردار رہا، انہوں نے ناقابل شکست 47 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
دانش عزیز 19 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شان مسعود 19 اور خرم منظور 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
محمد ابراہیم نے 2 جبکہ محمد محسن اور کاشف بھٹی نے1،1وکٹ حاصل کی۔
سندھ کی ٹیم نے 10 لیگ میچز کھیلے، اسے 6 میں فتح اور 4 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، وہ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔
بلوچستان کی ٹیم نے 10 لیگ میچز میں سے صرف 3 میں فتح اپنے نام کی جبکہ اسے 7 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔