کراچی(نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) بھارت میں جونیئر ہاکی ورلڈکپ کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا۔ کورونا وائرس کے خوف سے تین ملکوں کی ٹیموں نے رواں سال نومبر میں ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈکپ سے دستبرادی کا اعلان کردیا ہے۔ ان میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا شامل ہیں، تینوں ملکوں کے ہاکی حکام نےاپنے فیصلے سے انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کو آگاہ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بیلجیم بھی کورونا خدشات کے پیش نظر اپنی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے پر غور کررہا ہے۔ ان ٹیموں کے ہاکی حکام کا موقف ہے کہ ان کے کھلاڑیوں کو بھارت میں صحت کا مسئلہ لاحق ہوگا، موجودہ صورت حال کے پیش نظر ان خدشات کا بھی اظہار کیا جارہا ہے ۔ ایف آئی ایچ دیگر ملکوں کے ہاکی حکام سے مشاورت کے بعد جونیئر ورلڈ کپ کو اگلے سال جون تک ملتوی کرسکتی ہے۔