اسلام آباد (نمائندہ جنگ، آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئررہنما شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں جاری احتساب کے سرکس میں حکومت بھی شامل ہوگئی، نیب آرڈیننس چیلنج کرینگے،وقت بتائے گا کہ اس چیئرمین کا وزیر اعظم کا کیا حال ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب عدالت کے بایر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ چیئرمین نیب ریٹائرڈ ہو چکے، کوئی مشاورت نہیں کی گئی،پورا احتساب کا عمل ایک چیئرمین کے سر ہر ہے،حکومت نے اپنی چوری بچانے کی کوشش کرنی ہے وہ اسی چیئرمین کے ذمہ ہے،لگتا ہے یہ چیئرمین تاحیات رہیں گے،وقت بتائے گا کہ اس چیئرمین کا وزیر اعظم کا کیا حال ہوگا،یہ آرڈیننس صرف نیب کے نظام، حکومت کی چوری بچانے کیلئے استعمال ہو، آرڈیننس کو ہائیکورٹ، سپریم کورٹ، سینیٹ میں چیلنج کیا جائے گا،16 کو پی ڈی ایم کا فیصل آباد میں جلسہ ہے، 18 کو سربراہی اجلاس ہے،پی ڈی ایم کا لائحہ عمل اجلاس میں طے کیا جائے گا۔