راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)راولپنڈی پولیس کے ملازمین کے تبادلوں سے متعلق ایس اوپی جاری کردیاگیا۔ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی کی جانب سے جاری کئے گئے ایس اوپی کے مطابق راولپنڈی ضلع کے تینوں ڈویژنزراول ،پوٹھوہار اور صدرمیں تعینات افسروں اورملازمین کے تبادلے متعلقہ ڈویژنل ایس پی کریں گے۔گاردوں اور مدات سے متعلق ملازمین کے تبادلے ایس پی ہیڈکوارٹرز، ونگزمیں تعینات افسروں کے تبادلے ایک ڈویژن سے دوسرے ڈویژن میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن کریں گے ،جب کہ اس کے علاوہ دیگرتمام تبادلے ایس ایس پی آپریشنزکریں گے ،ایس ایچ اوزکے تبادلے ڈویژنل کمیٹی کی سلیکشن کے عمل میں لائے جائیں گے،افسروں اورملازمین کی پوسٹنگ کم ازکم چھ ماہ کے لئے ہوگی تاہم کسی مشکل صورت میں تین ماہ کے بعدتبادلہ کی درخواست دی جاسکے گی ،اس سے کم عرصہ میں ایک مرتبہ کی ہوئی پوسٹنگ منسوخ نہیں کی جائے گی ۔کسی بھی اے ایس آئی یاسب انسپکٹرکواس کے رہائشی سب ڈویژنل سرکل میں اورکسی کانسٹیبل ،ہیڈکانسٹیبل کومتعلقہ تھانہ میں کسی صورت تعینات نہیں کیاجائے گا،ایک ہی پولیس سٹیشن پرتین مرتبہ سے زیادہ تعیناتی نہیں ہوگی اورایک ہی سٹیشن پرمجموعی تعیناتی پانچ سال سے زیادہ نہیں ہوگی ،شکایت یاناپسندیدہ سرگرمی کی بناپرتبدیل کئے گئے ملازمین کودوبارہ تعینات نہیں کیاجائے گا۔