• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے سے قومی ایئر لائن کو لاکھوں ڈالرز کا نقصان

قومی ایئرلائن کو طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کی وجہ سے لاکھوں ڈالرز کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) نے طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پرندوں کے ٹکرانے کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو لاکھوں ڈالر نقصان کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سب سے زیادہ واقعات لاہور ایئرپورٹ پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

ملک بھر کے مختلف ایئرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے سے متعلق پی آئی اے نے جنوری تا ستمبر 2021 تک کی رپورٹ جاری کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 9 ماہ میں طیاروں کے ساتھ پرندے ٹکرانے کے 60 واقعات رپورٹ ہوئے۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پر اس عرصے کے دوران پرندے ٹکرانے کے 21 واقعات رپورٹ ہوئے۔

اسلام آباد میں13، کراچی میں8، ملتان میں ایک واقعہ رپورٹ ہوا جبکہ سکھر میں4، کوئٹہ میں ایک، پشاور 6 اور گلگت میں 3 واقعات رپورٹ ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پرندے ٹکرانے سے پی آئی اے کے بوئنگ 777، ایئر بس 320 اور اے ٹی آر طیارے متاثر ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 2 واقعات سعودی عرب کے شہر ریاض جبکہ ایک واقعہ شارجہ میں پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق پرندے ٹکرانے کے باعث نہ صرف قومی ایئرلائن کو اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں بلکہ پروازوں کا شیڈول بھی متاثرہوتا ہے۔

تازہ ترین