اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ بجلی مزید مہنگی کر کے حکومت نے عوام پر مہنگائی کا نیا تازیانہ برسایا ہے۔
عوام کے منہ سے نوالے پر نوالہ چھین کر اب بجلی کے بلوں کی مد میں مزید رقم اینٹھی جائے گی، 3 سال میں گردشی قرض دگنا سے زیادہ ہو کر 2 اعشاریہ 5 کھرب ہو گیا ہے۔
ایک بیان میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کر کے بھی گردشی قرض دگنا ہونا نااہلی کی انتہا ہے، حکومت نے مہنگائی اور نااہلی سے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ یاد رکھیں کہ مہنگائی کے ہر پروانے پر عمران خان خود دستخط کرتے ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ روٹی کی قیمت بڑھنے والی ہے اور حکومت اپنی موج میں مست ہے۔
انہوں نے کہا کہ سردیوں میں عوام ایک بار پھر گیس بحران کا سامنا کریں گے، نااہل سرکار 8 ایل این جی کارگوز کی خریداری میں ناکام رہی ہے، عوام دشمنی کا سورج صرف اس حکومت کے خاتمے پر ہی غروب ہونا ہے۔