چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی غیر فعالی پر توہینِ عدالت کیس کی سماعت کے دوران میئر لاہور اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پر برہم ہو گئے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان میں پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی غیر فعالی پر توہینِ عدالت کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے میئر لاہور سے مکالمہ کیا۔
چیف جسٹس پاکستان نے میئر لاہور سے کہا کہ دنیا میں جا کر دیکھیں کہ بلدیاتی ادارے کس طرح کام کرتے ہیں، آپ کو کام کرنا ہوتا تو سڑکوں پر بھی بیٹھ کر بھی کر لیتے۔
میئر لاہور نے کہا کہ ہماری سہولت کاری کے لیے پنجاب حکومت کچھ نہیں کر رہی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے لوگ خود ہی کام کرنا نہیں چاہتے۔
چیف جسٹس پاکستان سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پر بھی برہم ہو گئے اور ان سے کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں نے اب تک کیا کام کیا ہے؟
چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ دسمبر تک بلدیاتی حکومتوں کی میعاد ختم ہو جائے گی، آپ کو کچھ معلوم ہی نہیں، آپ عدالت تفریح کرنے آئے ہیں؟ آپ کو عدالت سے سیدھا جیل بھیج دیں گے۔