• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی جی ISI کی تقرری کا معاملہ ہفتے میں حل ہو جائے گا، شیخ رشید

ڈی جی ISI کی تقرری کا معاملہ ہفتے میں حل ہو جائے گا، شیخ رشید


اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی سے متعلق معاملات طے ہوگئے ہیں‘ آئندہ 7دنوں میں اعلان ہوجائے گا‘اگلے جمعہ تک سب ٹھیک ہوجائے گا۔

احتیاطاً سات دن کا کہہ رہا ہوں ‘ ہوسکتا ہے ہفتہ کو (آج ) اعلان ہوجائے یا پیر کو ہوجائے‘عمران خان کے ساتھ آیا ہوں اسی کے ساتھ جاؤں گا‘ بعض باتوں کا جواب عمران خان ہی دے سکتے ہیں‘پہلی بار دیکھ رہا ہوں کہ کابینہ میٹنگ کی باتیں باہر آرہی ہیں‘یہاں لوگ جلدی گھبرا جاتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی اور معاملات طے ہوگئے ہیں‘ وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں جنرل فیض کا نام نہیں لیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیونیوزکے پروگرام ’’ نیاپاکستان ‘‘میں میزبان شہزاداقبال سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ 

سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا ہے‘عمران خان نے کہا ہے معاملات ٹھیک ہیں تو ان سے اتفاق کرتا ہوں‘طریقہ کار کا اعلان 7 دن میں ہوجائے گا۔مجھے اندازہ ہے کیا ہوگا لیکن اعلان کرنا وزیراعظم کا فیصلہ ہوگا، دونوں سائیڈوں سے مطمئن ہوں کہ سب ٹھیک ہوگیا ہے ۔ 

شیخ رشید نے کہا کہ میری زندگی میں ایسے معاملات لاتعداد آئے ہیں بالآخر طے ہوجاتے ہیں ‘شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں ایسی ناکارہ اپوزیشن ملی ہے،حکومت کا چوتھا سال ہے اس سال کارکردگی دکھانی ہے پانچواں سال تو الیکشن کا ہوتا ہے، اپوزیشن قیادت خود بلٹ پروف گاڑیوں میں گھومتی ہے غریبوں کو جلسوں میں آنے کیلئے رکھا ہوا ہے۔ 

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کی ایجنسیوں نے دنیا کی 42 ایجنسیوں کو کابل میں شکست دی ہے، فوج اپنے سسٹم اور طریقہ کار کے تحت چلتی ہے اس سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ 

امریکی ناظم الامور نے چچا اور بھتیجی سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں، عمران خان کا آئندہ الیکشن ای وی ایم پر کرانے کا مصمم ارادہ ہے، اپوزیشن الیکٹرانک ووٹنگ سے متعلق بیٹھ کر فیصلہ کرلے ورنہ کہیں سر منڈاتے ہی اولے نہ پڑجائیں ، اپوزیشن سیاسی باتیں کرے کسی کی فیملی پر بات نہ کرے۔ 

تازہ ترین