• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رومانیہ کے گلوکار کا اپنی چھٹیاں ہنزہ میں گزارنے کا اعلان

رومانیہ کے گلوکار ایڈرین سینا، جو کہ ’ایکسنٹ‘ کے نام سے مشہور ہیں، اُنہوں نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر انکشاف کیا کہ وہ اپنی چھٹیاں وادی ہنزہ میں گزاریں گے  اور پاکستان کی مثبت امیج کو فروغ دیں گے۔

رومانیہ کے میوزک بینڈ ’ایکسنٹ‘ کے لیڈ گلوکار ایڈرین سینا نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’ہیلو! میں اکسینٹ ہوں اور میں ایک بار پھر پاکستان میں وہاں کے لوگوں سے مل کر بہت خوشی محسوس کروں گا۔‘

ایڈرین سینا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’اس بار، میں نے اپنی کچھ چھٹیاں پاکستان کی وادی ہنزہ میں گزارنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دنیا کو دکھایا جا سکے کہ پاکستان ایک محفوظ اور خوبصورت ملک ہے۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل، سینا انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ دوروں کی منسوخی کے بعد پاکستان کے دفاع میں سامنے آئے تھے۔

اُنہوں نے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا تھا، جہاں اُنہوں نے پاکستان میں ہونے والے اپنے کنسرٹ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں کئی بار پاکستان گیا ہوں اور میں نے وہاں ہمیشہ گھر کی طرح محسوس کیا ہے۔‘

رومانیہ کے گلوکار نے کہا تھا کہ ’میں پاکستان میں خود کو محفوظ محسوس کرتا ہوں اور جو محبت مجھے پاکستان سے ملتی ہے وہ ناقابلِ بیان ہے۔‘

آخر میں اُنہوں نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں اب بھی پاکستان جاؤں گا کیونکہ مجھے اپنے مداحوں سے محبت ہے۔‘

خاص رپورٹ سے مزید