• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سراج الحق نے مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مہنگائی کے طوفان، حکومت کی ناکامی اور نااہلی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات، بجلی، اشیائے خوردونوش اور ادویات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کو مسترد کرتے ہیں، حکومت مکمل طور پر فلاپ ہوگئی ہے ۔ جماعت اسلامی اتوار سے ملک گیر احتجاج کا آغاز کر رہی ہے، قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھرپور طریقے سے جماعت اسلامی کے مظاہروں میں شرکت کرے، پورا ہفتہ ملک کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں مظاہرے اور ریلیاں ہوں گی۔ مزدوروں، کسانوں کو متحد کرکے احتجاج میں شامل کریں گے۔ مزدور تنظیموں، وکلاء، ٹرانسپورٹ تنظیموں سے رابطے کیے جائیں گے۔ ظلم کی انتہا ہوگئی، حکومت کے عوام دشمن اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں، قوم کو ظلم اور انصافی کے خلاف ڈٹ جانا چاہیے۔ عوام کا مقدمہ ہر سطح پر لڑیں گے۔ میڈیا ظلم کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دے ، حکمران عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے تو گھر جائیں۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کے مدینہ ریاست کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے ،سب پریشان ہیں ، حکمران اشرافیہ کو گھر بھیجیں گے، انھیں عوام پر ظلم کا جواب دہ ہونا پڑے گا۔
تازہ ترین