• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آل پاکستان ٹرائتھلون مقابلے، سہیل عامر کی پہلی پوزیشن


آل پاکستان ٹرائتھلون 2021 کے مقابلے میں سہیل عامر نے اوپن کیٹیگری میں بہترین کھلاڑی کا انعام حاصل کیا جبکہ محمد بلال اور عامر عباس نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آل پاکستان ٹرائتھلون مقابلے 2021 کا بہاولپور میں انعقاد کیا گیا تھا جس میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں سے 552 ٹرائی ایتھلیٹس شریک ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سرکاری محکموں، پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کے کھلاڑی مقابلوں میں شریک ہوئے جبکہ کالجز، یونیورسٹی طلباء اور پاکستان ٹرائتھلون فیڈریشن کے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی، مقابلے تین کھیلوں پر مشتمل تھے جس میں300 میٹر کی تیراکی، 20 کلو میٹر سائیکلنگ اور 10 کلو میٹر کراس کنٹری دوڑ شامل تھی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاء مہمان خصوصی تھے جنہوں نے جیتنے والوں میں میڈلز اور انعامات تقسیم کیے جبکہ اولمپیئن شہباز سینئر نے مقابلے میں خصوصی شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں اولمپیئن ارشد ندیم، ہاکی کوچ خواجہ جنید، اولمپیئن باکسر اصغر چنگیزی، کوہ پیما صائمہ بیگ، ایتھلیٹکس فیڈریشن پاکستان اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کےصدور بھی شریک ہوئے۔

تقریب میں سندھ، پنجاب، بلوچستان، کے پی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی مندوبین نے شرکت کی اور پاکستان پنجاب رینجرز نے تقریب کے دوران رائفل ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا۔

تازہ ترین