• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیڑھ سال بعد حرم شریف میں کندھے سے کندھا ملا کر نماز کی ادائیگی

کراچی (رفیق مانگٹ) کووڈ19کے خلاف واضح کامیابی کے بعد سعودی عرب میں زندگی معمول کی طرف لوٹ آئی،ڈیڑھ سال بعد حرم شریف میں نمازیوں نے کندھے سے کندھاملا کرنماز اداکی۔

رپورٹ کے مطابق مسجدالحرام میں پوری گنجائش کے ساتھ عبادات کا آغاز ہوگیا اور گزشتہ روز فجر کی نماز کی ادائیگی 18؍ ماہ بعد کورونا ایس او پیزکے بغیر ہوئی اور نمازیوں نے سماجی فاصلوں کے بغیرصفیں بنا کر نماز ادا کی۔

مسجد الحرام سے اب ایسے تمام فرشی نشانات اور علامات کو ہٹا دیا گیا جن کے ذریعے نمازیوں کو ہدایات دی جاتی تھی۔

مسجد نبوی ﷺ کو بھی مکمل گنجائش کے استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔تاہم مسجد حرام اورمسجد نبوی ﷺکی حدود میں ماسک لازمی پہننا ہوگا۔مسجد حرام اور مسجد نبویﷺ میں اعتمرنا اورتوکلنا نامی ایپس کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کراناہوگی۔

دوسری طرف سعودی وزارت مذہبی امور نے وضاحت کی ہے کہ مساجد میں کووڈ کی روک تھام کیلئے ایس اوپیز پر عمل درآمد برقرار رہے گا،اس میں کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی۔ایس اوپیز میں بعض مقامات کی نرمی کی گئی ان میں مساجد شامل نہیں، مساجد بند مقامات میں آتی ہیں۔ 

سعودی عرب نے ڈیڑھ سال قبل پابندیاں عائد کی تھیں،مسجد الحرام اور مسجدنبویﷺ میں نمازیوں کی تعداد کو محدود کردیا گیاتھا۔ 

اس دوران دو مرتبہ حج بھی محدود تعدا د کے ساتھ ہوا۔اگست سے سعودی حکومت نے بیرونی دنیا کے تمام مسلمانوں کو عمرے کی ادائیگی کی بھی اجازت دے دی تھی جنہوں نے ویکسی نیشن کروالی ہے۔

سعودی عرب نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں کے لئے گزشتہ روز سترہ اکتوبر سے ایس او پیز میں نرمی کردی، ان کیلئے پبلک مقامات، مساجد، ریستورانوں، سینما گھروں اور ٹرانسپورٹ سروسز میں سماجی دوری کے ضوابط ختم کردیے گئے۔ 

کھلے مقامات میں ماسک پہننے کی پابندی بھی ختم کردی گئی، لیکن مساجد اور بند اجتماعات کی جگہوں پر ماسک پہننے کی پابندی برقرار ہے۔ 

شادی ہالز بھی کھول دیئے گئے، شادی پر مہمانوں کی تعداد پر کوئی قدغن نہیں۔ ہر قسم کے اجتماعات کی بھی اجازت دے دی گئی۔ 

تمام شہریوں کو جنہوں نے دونوں خوراکیں لیں ہوں وہ کھیل کے میدانوں میں جا سکتے ہیں۔ تمام ایئرپورٹس کو اپنے ہاں فلائٹس کی پروزاوں کی اجازت دے دی گئی۔کرونا کے اثرات میں کمی کی وجہ ویکسی نیشن کی کامیاب مہم ہے جس سے کووڈ متاثرین کی تعداد میں واضح کمی ہوئی۔

پاکستان،سعودی عرب سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں کرونا ضوابط میں نرمی کردی گئی ہے اور ان میں زندگی کووڈ سے پہلے والے انداز میں لوٹتی نظر آرہی ہے۔

جن ممالک نے ایس او پیز میں نرمی کی ان میں متحدہ عرب امارات،کویت، عمان،آسٹریلیا، یورپی یونین، بلجیم، قبرص، ڈنمارک، اسرائیل،اٹلی ،پرتگال، روس، سنگاپور، اسپین، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور امریکا شامل ہیں۔ ان ممالک میں ہوائی سفر کی اجازت دے گئی ہے تاہم سفر کے لئے ویکسی نیشن ضروری ہے۔

تازہ ترین