تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: اریج اعوان
ملبوسات: مے سون کلیکشن
آرایش:سلیک بائے عینی
کوآرڈی نیشن: عابد بیگ
عکاّسی:ایم۔ کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
عام طور پر سال کے آخر میں میرج ہالز کی رونقیں خُوب بڑھ جاتی ہیں کہ خوش گوار موسم کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے متعدّد تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔کہیں کوئی منگنی، مایوں، منہدی کی تقریب ہو رہی ہوتی ہے، تو کہیں شادی ولیمے کی۔ شادی بیاہ کی تقریبات ویسے تو دولھا، دلہن کے لیے سب سے اہم ہوتی ہیں، مگر مسّرت بَھرے یہ لمحات دونوں خاندانوں کے لیے بھی یوں خاص الخاص بن جاتے ہیں کہ اِک نئے بندھن کے بعد پھر سب کی ساری خوشیاں، غم سانجھے ہوجاتے ہیں۔
بہرحال، ان تقریبات کی ایک اور خاص بات یہ بھی ہے کہ لڑکیوں بالیوں کو خُوب اہتمام سے سجنے سنورنے کا موقع مل جاتا ہے، تو لیجیے، اس بار ہم نے اپنی بزم کچھ ایسے تقریباتی پہناووں سے مرصّع کی ہے کہ جن سے دولھا، دلہن کی قریبی خواتین کا مسئلہ تو باآسانی حل ہوہی جائے گا۔
ذرا دیکھیے، جامنی رنگ پیراہن کس قدر حسین لگ رہا ہے۔ بنارسی غرارے کے ساتھ ڈبل لیئر کلیوں والی بھاری کام دارفراک ہے، تو شیفون دوپٹے میں کہیں کہیں ٹانکے گئے ستارے بھی جچ رہے ہیں۔ سلوررنگ آرگنزامیں ایمبرائڈرڈ قدرے لمبی فراک ایک عُمدہ انتخاب ہے، تو پستئی رنگ پہناوے کے بھی کیا ہی کہنے۔ بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ ڈبل لیئر ٹیل پیپلم ہے، جس کا اِنر بنارسی ہے، تو اَپر پر دبکے، موتی اور نلکیوں کا کام خوش گوار تاثر دے رہا ہے۔
مٹیالے رنگ میں پلین ٹراؤزر کے ساتھ آرگنزا کی کام دار شرٹ ہے، جس پر آتشی گلابی موتی اور سلور ستاروں کی آرایش نے لباس کے حُسن کو چار چاند لگا دیئے ہیں، تو ساتھ شیفون دوپٹے کے اطراف میں آتشی گلابی گوٹ کی ہم آمیزی بھی اچھی لگ رہی ہے۔اسی طرح گہرے نیلے رنگ میں بنارسی پلازو کے ساتھ ڈبل لیئر قمیص کا دِل رُبا سا انداز ہے کہ قمیص کا اِنر بنارسی ہے، تو ٹشو کے اَپر پر دبکے اور ستارہ ورک کی کی دِل کشی و رعنائی کے بھی کیا ہی کہنے۔