• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوائوں کی قیمتوں میں 2.86فیصد اضافے کانوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ملک بھر میں ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن نے قیمتوں میں باضابطہ اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے ۔ اس حوالے سے 14 جولائی کو پرائسنگ کمیٹی کے اجلاس میں قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈرگ پرائسنگ پالیسی 2015ءکی روشنی میں شفافیت اور غیر جانبداری کوپرو ا ن چڑھانے کے لئے ادویات کی قیمتوں میں سالانہ اضافے کو کنزیومر پرائس انڈیکس سے باہم مر بو ط کیا گیا ہے جس کا اعلان پاکستان بیورو آف شماریات کی جانب سے کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو آف شماریات نے مالی سال 2015-16ءکے لئے کنزیومرپرائس انڈیکس کی شرح 2.86 فیصد متعین کی ہے۔ قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے تناسب سے کیا گیا ہے۔ کینسر ، دمہ ، مرگی ، شوگر ، بلڈ پریشر ، دل کی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈرگ پرائسنگ پالیسی 2015ءمیں درج فارمولے کے تحت 2.86فیصد کی اس شرح کے تحت جسے کابینہ کی اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی نے بھی منظور کیا ہے ادویات کی پہلے سے موجود ایم آر پیز پر قیمتوں میں اضافہ اس طرح کیا گیا ہے ، شیڈول ڈرگ کی قیمتوں میں کنزیومر پرائس انڈیکس کی شرح کے 50 فیصد یعنی 1.43فیصد اضافہ کیا گیا ہے ، نان شیڈول ڈرگ کی قیمت میں کنزیومر پرائس انڈیکس کے 70 فیصد یعنی 2.002 فیصد جبکہ کم قیمت ادویات کی قیمتوں میں کنزیومر پرائس انڈیکس کی شرح کے برابر 2.86 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی یہ شرح ان ادویات پر لاگو نہیں ہو گی جن کے مقدمات عدالت میں زیر سماعت ہیں چاہے وہ شیڈول ، نان شیڈول یا کم قیمت والی ادویات ہی کیوں نہ ہوں۔
تازہ ترین