• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سشما سوراج نےجھوٹ بولا، کشمیر تنازع نہیں تو سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں کیوں شامل ہے، پاکستان

اسلام آباد،نیویارک (نمائندہ جنگ،خبر ایجنسیاں) پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے بعض نکات پر ’’جو مقبوضہ کشمیر سے متعلق تھے‘‘ حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے موقف کو اقوام عالم کو گمراہ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ سشما نے جھوٹ بولا،کشمیر تنازع نہیں تو عالمی ایجنڈے پر کیوں ہے؟ بھارتی وزیر خارجہ کی تقریر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کا سلامتی کونسل کی قراردادوں سے لاتعلقی کا اظہار حیرا ن کن ہے اگر کشمیر بھارت کا ہی لازمی حصہ ہے تو وہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر کیوں ہے؟ واضح رہے کہ اپنی تقریر میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ماضی کی قراردادوں کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دیا تھا۔ ادھر نیویارک سے  اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے بھارتی وزیر خارجہ کے جنرل اسمبلی سے خطاب کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا جانتی ہے کہ بھارت نے مذاکرات کا عمل منسوخ کیااور یہ جھوٹ بھی بولا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں کوئی ظلم نہیں ہو رہا، سشما سوراج کاخطاب جھوٹ کا پلندہ تھا ،خطاب میں پہلا جھوٹ یہ کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں کوئی ظلم نہیں ہو رہا اور دوسرا جھوٹ یہ بولا گیا کہ بھارت نے مذاکرات میں کوئی شرط نہیں رکھی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا پاکستان کیخلاف پروپیگنڈہ کر رہا ہے، پاکستان نے بھارت سے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی۔ وزیراعظم نریندر مودی کے بدلتے بیانات سے بھارت کی بوکھلاہٹ ظاہر ہو رہی ہے،بھارت اگرمقبوضہ کشمیرمیں فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کو اجازت نہیں دیتا توبے نقاب ہوگا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک دن کچھ اور دوسرے دن کچھ کہتے ہیںجس سے بھارت کی بوکھلاہٹ ظاہر ہو رہی ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارتی فورسز نے پیلٹ گن کا استعمال کیا جس نے کشمیری بچوں کی بینائی چھین لی ہے، کشمیر کی صورتحال جاننے کے لیے وزیراعظم نواز شریف نے کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے، کشمیرکا ایجنڈا 70 سال سے اقوام متحدہ میں ہے، بھارت اگر فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کو اجازت نہیں دیتا تو بے نقاب ہوگا۔


.
تازہ ترین