• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سونیا گاندھی سرجیکل اسٹرائیک کا بھارتی دعویٰ سچ سمجھ بیٹھیں،بھارتی فوج کو مبارکباد

  نئی دہلی( ایجنسیاں ) بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کے بھارتی فوج کے دعوے کو سچ سمجھ بیٹھیں اور بھارتی فوج کو مبارکباد دے ڈالی۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سونیا گاندھی نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کی دوسری جانب دہشت گردوں کے اڈوں پر سرجیکل حملے کرکے سخت پیغام دیا ہے کہ مزید دراندازی اور ہماری سیکورٹی فورسز اور لوگوں پر حملے بند کیے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ ان کی جماعت دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مودی حکومت کی حمایت کرتی ہے ۔انہوں نے سرجیکل سٹرائیک پر بھارتی فوج کو مبارکباد دی۔ قبل ازیں کانگریس کے اپوزیشن رہنما سیتا رام نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بلائے گئے سیاسی جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں سرجیکل اسٹرائیک سے متعلق کوئی شواہد نہیں دکھائے گئے تاہم ڈی جی ایم اوز کی بریفنگ دکھائی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کانگریس کے اپوزیشن رہنما سیتا رام نے بھارتی حکومت کی جانب سے سیاسی جماعتوں کو گزشتہ شب حملے سے متعلق دی گئی بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی حکام نے تمام سیاسی جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں صرف بریفنگ دی اور سرجیکل اسٹرائیک پر کوئی بات نہیں کی اور لائن آف کنٹرول پر ہونے والی سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے سے متعلق کوئی بریفنگ نہیں دی گئی۔
تازہ ترین