• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ، بھارت میں بھی تنازع، حکومت سے ثبوت مانگ لئے

نئی دہلی(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ سیل)مودی سرکار کا سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ بھارت میں بھی متنازع بن گیا ‘ بھارتی حکومت اور فوج سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے پر اپوزیشن اور عوام کو مطمئن کرنے میں ناکام ہے‘سرجیکل اسٹرائیک کا بے بنیاد دعویٰ مودی سرکار کے گلے پڑ گیا‘ بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے مودی سرکار سے حملے کے ثبوت مانگ لیےاور کہاکہ حملے کے نام پر سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی گئی ‘انڈیا کی حکمراں جماعت بی جے پی کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور ان کے بیانات سے لگتا ہے کہ وہ فوج کی صلاحیتوں پر سوال اٹھا رہی ہیں‘ادھربھارت کا پاکستان پر ایک اور الزام جھوٹا نکلا ‘بارہ مولاکا واقعہ بھی جعلی نکلا‘بارہ مولا میں بھارتی فوجی فرینڈلی فائر میں ہلاک ہوا۔بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکار کی ہلاکت کو فرینڈلی فائرکا نتیجہ قرار ددیدیا ہے‘دریں اثناءسرجیکل اسٹرائیک کے کھوکھلے بھارتی دعوے پر بین الاقوامی میڈیا بھی شبہات کا شکار ہے،امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق مقامی لوگوں نے علاقے میں کوئی فوجی نقل و حرکت نہیں دیکھی‘برطانوی اخبار ڈپلومیٹ نے بھارت کی سرجیکل اسٹرا ئیک کی صلاحیت پر ہی سوالات اٹھا دیے‘واشنگٹن پوسٹ کے نمائندوں نے لائن آف کنٹرول سے ملحقہ آزاد کشمیر کے ان مقامات کے رہائشیوں کے انٹرویو کئے جہاں بھارت نے جمعرات کو سرجیکل اسٹرائیک کرنے کا دعوی کیا تھا‘علاقہ مکینوں کے مطابق اس رات شدید فائرنگ ہوئی لیکن انہیں وہاں ایسا کچھ نظر یا سنائی نہیں دیا جس سے بھارت کا سرجیکل اسٹرائیک کا دعو یٰ سچا ثابت ہوتا ہو‘بھمبر کے ایک رہائشی نے نیویارک ٹائمز کے نمائندوں کو بتایاکہ بھارت جھوٹ بول رہا ہے، بھارتی فوجی اہلکاروں نے اس دن لائن آف کنٹرول پار نہیں کی‘وہ اپنی چوکیوں سے کبھی نہیں نکلتے‘بھارتی چوکیوں سے 2 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ایک گھر کے مکینوں سے جب برطانوی نشریاتی ادارے کے نمائندوں نے سرجیکل اسٹرائیک پرسوال پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ کیسی سرجیکل اسٹرائیک؟اس دن بس معمول سے زیادہ فائرنگ ہوئی تھی۔تفصیلات کے مطابق مودی سرکار کا سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ بھارت ہی میں متنازع بن گیا۔تین باررکن پارلیمنٹ رہنے والے انڈین نیشنل کانگریس (آئی این سی)کے رہنماءسنجے نروپم نے منگل کے روز اپنے بیان میں سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کو جعلی قراردیتےکہاکہ اس کارروائی پر دنیا بھر کے میڈیا اور پاکستان کی جانب سے سوال اٹھائے جا رہے ہیں اس لیے حکومت کو اس کے ثبوت دنیا کے سامنے پیش کرنے چاہئیں‘سنجے نروپم کا کہنا تھاکہ  ان کے خیال میں یہ کارر وا ئی فرضی نظر آ رہی ہے اور وہ ثبوت فراہم کیے جانے کے بعد ہی اس پر یقین کریں گے‘انہوں نے مزیدکہاکہ ہر بھارتی شہری پاکستان کیخلاف سرجیکل اسٹرا ئیک چاہتاہے مگر وہ جعلی نہیں ہوناچاہئے جیسابی جے پی نے سیاسی مفادکیلئے رچایا ۔کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سورجے والا نے سنجے نروپم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ پارٹی کو فوج پر مکمل اعتبار ہے لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت ان کارروائیوں کے شواہد پیش کرے‘ ترجمان کا کہناتھاکہ اس طرح کی کارروائیاں تین مرتبہ کانگریس کے دور میں بھی ہوئی تھیں لیکن کبھی ان سے اس انداز میں سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کی گئی جیسے اب کی جا رہی ہے‘کانگریس نے مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ بی جے پی رہنماؤں کو قومی سلامتی کے معاملات پر سیاست کی دکان چمکانے سے روکیں‘ کانگریس کے جنرل سیکریٹری ڈِگ وجے سنگھ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مشاہدین بھی سوال اٹھا رہے ہیں اور ایسے حالات میں ہمیں فوج پر قوم کا اعتبار برقرار رکھنے کےلیے جو بھی ضروری ہو وہ کرنا چاہئے ورنہ فوج کا حوصلہ متاثرہوگا۔ادھر کانگریس کے رہنماء اور سابق وزیر داخلہ پی چدم برم نے بھی کہا ہے کہ بھارتی حکومت سرجیکل اسٹرائیک کا کچھ زیادہ ہی ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے۔بھارتی ٹی وی کو انٹرویومیںان کا کہناتھاکہ پاک بھارت مذاکرات رکنے نہیں چاہئیں‘سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان ہمارا پڑوسی ہے جو تبدیل نہیں کیا جاسکتا‘ پڑوسیوں سے تعلقات توڑ کر نہیں رہا جاسکتا‘ دونوں ممالک میں مذاکرات ہونے چاہئیں‘چدم برم نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانا یا کھیلوں کو معطل کرنا یہ اقدامات زیادہ عرصے تک نہیں رکھے جاسکتے ۔نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اورعام آدمی پارٹی کے رہنماءاروند کیجریوال کابھی کہناہے کہ وہ پاکستان کے خلاف حکومت کے ساتھ ہیں لیکن پاکستان کا مُنہ بند کرنے کے لیے ثبوت پیش کرنا ضروی ہے‘بی جے پی حکومت سرجیکل اسٹرائیکس کے معاملے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔سرجیکل اسٹرا ئیک پر سوال اٹھانے پر بی جے پی حکومت آگ بگولہ ہوگئی‘ بھارتی وزیرروی شنکرپرساد نے منگل کو پریس بریفنگ میںکہاکہ کیجریوال کو سرجیکل اسٹرا ئیک کے ثبوت کی ضرورت کیوں ہے؟چدم برم ثبوت مانگ کر کیا پیغام دے رہے ہیں ؟روی شنکر نے الزام عائد کیا کہ کیجریوال بھارتی فوج کی بے عزتی کر رہے ہیں ،کیا وہ بھا ر تی فوج کی جرات پر یقین نہیں رکھتے‘کیجری وال پاکستانی پروپیگنڈے سے متاثرکیوں ہیں‘ سونیا گاندھی بتائیں کیا چدم برم کا بیان کانگریس کی پالیسی ہے؟
تازہ ترین