• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹنڈوالہ یار، حیسکو کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون جاری، نادہندگان کے کنکشنز منقطع

ٹنڈوالہ یار ( نامہ نگار )حیسکو کا بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ 6 10اسکارپ ٹیوب ویلوں،درجنوں سرکاری عمارتوں، پبلک ہیلتھ ،ٹی ایم اے اور مختلف اسکولوں سمیت 150 نادہندگان کی بجلی واجبات کی عدم ادائیگی کی بنا پر منقطع کر دی گئی جبکہ سیکڑوں غیر قانونی کنڈے اتار کر بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے لئے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ متعدد مقامات پر ڈائریکٹ چلنے والے ٹیوب ویل بھی بند کرادیئے گئے تفصیلات کے مطابق حیسکو حیدرآباد سرکل I کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر (ایس ای) نجم الدین ابڑو ، ایکسیئن ٹنڈوالہ یار عمر شاہین ، ایس ڈی او 1 عبدالخالق میرجت ، ایم اینڈ ٹیم ، ویجیلنس ٹیم ، پولیس فورس نے حیسکو سرکل ٹیم کی مدد سے ٹنڈوالہ یار حیسکو سب ڈویژن کے مختلف علاقوں جن میں نصرپور،عثمان شاہ ہڑی ،طالب المولیٰ کالونی ، پٹھان کالونی ، منوخان،پریم نگر ودیگر علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ بجلی چوروں کے خلاف ہونے والے کریک ڈاؤن میں سیکڑوں غیر قانونی کُنڈے اتار کر بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے لئے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی جبکہ کارروائی کے دوران کئی جگہوں پر چلنے والے غیر قانونی ٹیوب ویل بھی بند کرادیئے گئے ۔ایس ڈی اوعبد الخالق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سب ڈویژن 1کی عوام بجلی چوری کرنےوالوں کےخلاف ہمارا ساتھ دے رہے ہیں اور بجلی چوروں کی نشاندہی بھی کی جارہی ہے بجلی چور کتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو انہیں بجلی چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے بجلی چوری کرکے کاروبار چلانے سے ادارے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا چکے ہیں ہماری انٹیلی جنس ٹیم کی نشاندہی پر مذکورہ کارروائی کی گئی ہے اور ان کےخلاف بجلی چوری کا کیس بھی داخل کیا جائے گاجس کی ایف آئی آردرج کرانے کے لئے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہا کہ اگر بجلی چوری کرانے میں ہمارے ادارے کا کوئی بھی ملازم ملوث ہوگا اس کےخلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ادارے کو نقصان پہنچانے والے ملک وقوم کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔ایسے افراد کےخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
تازہ ترین