• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری سے ناراضی نہیں،کرپشن اور بیڈ گورننس کیخلاف ہوں،فیصل صالح

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان فیصل صالح حیات نے کہا ہےکہ میری آصف زرداری سے کوئی ناراضی نہیں رہی، سیاست میں ذاتی دشمنیاں یا مخالفتیں نہیں سیاسی مقاصد ہوتے ہیں، میں قطعاً کرپشن اور بیڈ گورننس کے حق میں نہیں ہوں، میں نے پیپلزپارٹی کے وزیراعظم کے خلاف رینٹل پاورکیس عدالت میں دائر کیا، میرا پیپلز پارٹی میں جانے کا فائدہ تبھی ہوگا جب پیپلز پارٹی سے منسلک تاثرات اور خامیاں ختم کرسکوں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں بہت بڑا سیاسی چیلنج درپیش ہے، پچھلے چند برسوں میں پالیسی کی وجہ سے پیپلز پارٹی پنجاب میں عجیب کیفیت میں نظر آرہی ہے، میں نے کل آصف زرداری سے کھل کر باتیں کیں ، آصف زرداری نے مجھ سے اتفاق کیا کہ ہم پارٹی کی سمت کو بدلیں گے، پیپلز پارٹی کے خلاف میرے ماضی کے خیالات سب کے سامنے ہیں، پیپلز پارٹی نے اپنے کاموں کا خمیازہ 2013ء کے الیکشن میں بھگت لیا، آصف زرداری نے ماضی سے یقیناً سبق سیکھا ہے، آصف زرداری سے گورننس، شفافیت اور کرپشن کو ختم کرنے کیلئے کھل کر بات ہوئی، بلاول بھٹو پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، آصف زرداری کو ادراک ہے کہ بلاول کو ہی بطور سیاسی قوت آگے لے کر چلنا ہے، میں ایک سیاسی ورکر ہوں مجھے سیاسی فیصلہ کرنا ہے۔  وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے برآمد کنندگان کیلئے پیکیج تجارت بڑھانے کیلئے اہم قدم ہے، شروع کے برسوں میں ہماری ترجیح معیشت کو مستحکم کرنا تھا، 180ڈالر کا پیکیج دینے کا مقصد پیداواری لاگت کم کرنا اور دیگر معیشتوں کے مقابلے میں اپنے برآمد کنندگان کو برابری کے مواقع فراہم کرنا ہیں، انڈسٹری کو توانائی کی فراہمی یقینی بنانے سے قبل پیکیج دینا بے معنی ہوتا، پچھلے ایک سال سے انڈسٹری کو مسلسل چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے جبکہ گیس بحران بھی حل کردیا گیا ہے، اگلے دو ڈھائی سال میں برآمدات میں اضافہ ہوگا جس سے 75ہزار نیا روزگار بھی پیدا ہوگا۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نےتجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاناما کیس میں پی ٹی آئی کے وکلاء کیلئے منگل کا دن اچھا نہیں رہا، پاناما کیس میں تحریک انصاف کے وکلاء کے دلائل کو سخت عدالتی ریمارکس کا سامنا کرنا پڑا، پی ٹی آئی کے وکیل نعیم بخاری روز کہتے ہیں وہ دلائل مکمل کرلیں گے لیکن لگتا ہے عدالت کو جواب نہیں مل رہا اس لئے عدالت مزید سوالات اٹھارہی ہے، تحریک انصاف سمجھ رہی ہے کہ اب وزیراعظم اس کیس سے نہیں نکل سکیں گے، پی ٹی آئی نے اپنے مقدمہ میں سب سے زیادہ بڑھا چڑھا کر یہ بات کہی تھی کہ وزیراعظم کی تقریر میں تضاد ہے ان کیخلاف 62/63کے تحت کارروائی کی جائے لیکن منگل کو عدالت نے واضح کیا کہ صرف تقریر میں تضاد کی بنیاد پر وزیراعظم کیخلاف کارروائی نہیں ہوسکتی ہے۔ شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ جسٹس آصف کھوسہ نے آرٹیکل 62/63سے متعلق اپنے ریمارکس واپس لے لیے،منگل کو پاناما پیپرز کی قانونی حیثیت پر عدالت کے اہم ریمارکس آئے، جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ کیا دنیا کی کسی عدالت نے پاناما پیپرز کی بنیاد پر کسی کے خلاف کوئی فیصلہ دیا، نعیم بخاری نے جواب دیا کہ یہ فیصلہ دے کر آپ ابتداء کریں گے۔ شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کیلئے ایک بڑی خبر آئی ہے، فیصل صالح حیات تقریباً پندرہ برسوں بعد دوبارہ پاکستان پیپلز پارٹی میں واپس آرہے ہیں، فیصل صالح حیات ماضی میں قسمیں کھا کر پیپلز پارٹی پر کرپشن اور آصف زرداری کیخلاف ذاتی طور پرا لزامات لگاچکے ہیں لیکن اب ان کی آصف زرداری سے ملاقات ہوئی ہے۔شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ ن لیگ کے دور میں ایکسپورٹرز پریشان تھے، وزیراعظم اور وزیر خزانہ ان کے مسائل حل کرتے نظر نہیں آتے تھے، ن لیگ کے دور میں ایکسپورٹ بڑھتی اور امپورٹ گرتی رہی،اب اچانک وزیراعظم نے ایکسپورٹرز کو 180ارب روپے کا بھاری پیکیج دیا ہے، پیکیج کے تحت چھ ماہ میں جو بھی برآمدات ہوں گی اس پر ری بیٹ دیا جائے گا، وزیراعظم نے ایسے وقت ایکسپورٹرز کیلئے پیکیج کا اعلان کیا ہے جب درآمدات پچھلے تین سال سے مسلسل گراوٹ کا شکار ہیں۔شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ دنیا میں شاید ہی کوئی جمہوریت ہو جہاں لوگ اس طرح لاپتہ ہوجاتے ہوں اور چیئرمین سینیٹ رضا ربانی جیسی قدآور شخصیات آواز اٹھائیں اس کے باوجود لاپتہ لوگوں کا پتا نہ چلے، سوشل میڈیا کے ذریعے تنقیدی نکتہ نظر سامنے لانے والے سلمان حیدر، وقاص گورایا، احمد رضا اور عاصم سعید اب تک لاپتا ہیں، اس حوالے سے وزیرداخلہ نے سینیٹ میں کچھ انکشا فا ت کیے، چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ انہوں نے حساس اداروں سے بات کی ہے، سلمان حیدر کے جلد گھر واپس آنے کی امید ہے، لوگوں کو لاپتا کرناحکومتی پالیسی نہیں ہے۔
تازہ ترین