• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سرکلر ریلوے روٹس سے تجاوزات کےخاتمے کا حکم، فزیبلٹی کیلئے 45 ملین روپے کی منظوری

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سرکلر ریلوےکے روٹس سے تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیتے ہوئے اس کی فزیبلٹی کی تیاری کے لئے 45ملین روپے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے یہ حکم نیو سندھ سیکریٹریٹ میں کے سی آر پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیا ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر شاہ ، اے سی ایس (ترقیات) محمد وسیم ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ طحہ فاروقی ، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی ، ڈی ایس ریلوے نثار میمن و دیگر نے شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصر شاہ نے کہاکہ کے سی آر منصوبے کی مجموعی لمبائی 43کلو میٹر ہے جس میں سے 13.43 کلومیٹر ریلوے کی مین لائن پر ہے اور 29.69 کلومیٹر کے سی آر کی لوپ لائن پر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے گذشتہ روز کے سی آر کے مکمل روٹ کا دورہ کیا تھا اور انہوں نے روٹ کے ساتھ تجاوزات پائیں ۔ ڈی ایس ریلوے کراچی نثار میمن نے وزیراعلیٰ سندھ کو تجاوزات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ کے سی آر منصوبے کے لئے مجموعی طور پر 360 ایکڑ رقبہ درکار ہے جس میں سے 260 ایکڑ پاکستان ریلویز کی زمین ہے اور 100ایکڑ مین لائن پر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 67ایکڑ پر تجا وزات ہیں جس میں 47ایکڑ کے سی آر لوپ لائن پر ہے اور 20ایکڑ مین لائن کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہاکہ قبضہ کی گئی زمین پر 4653 گھر تعمیر کئے گئے ہیں اور 2997 دیگر تجاوزات ہیں۔
تازہ ترین