• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضور اکرمﷺ کی دنیا میں آمد سے گمراہی کے اندھیرے اجالوں میں بدل گئے، پیرکبیرشاہ گیلانی

بولٹن (ابرار حسین) برطانیہ کے دورے پر آئے ہوئے آستانہ عالیہ چورہ شریف کے سجادہ نشین اور عالمی چادر اوڑھ تحریک کے بانی پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی مجددی نے کہا ہے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری سے ظلمت، جہالت اور گمراہی کے اندھیروں میں ایسا اجالا ہوا جس نے پوری انسانیت کو اپنی منزل تک پہنچا دیا، لیکن رفتہ رفتہ انسان دن بہ دن اپنی عملی زندگی میں پستی میں گرتا جارہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں میلاد ہائوس بولٹن میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے منعقدہ بڑی محفل میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کو پوری کائنات اور انسانیت کے لئے رحمت کا بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ رسول اکرمؐ نہ صرف مسلمانوں کے لئے بلکہ پوری انسانیت کے لئے پیغمبر بن کر آئے۔ ان کے بعد نہ کوئی نبی آئے گا اور نہ ہی آسمانی کتاب۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری دنیا کے مسلمان غیروں کی انگلیوں کے اشاروں پر ناچنے کی بجائے تعلیمات نبویؐ کو اپنے سینوں میں موجزن کرتے ہوئے تمام انسانوں کے لئے ہدایت اور اچھائی کا عملی نمونہ پیش کریں۔ انہوں نے بیرون ملک آباد مسلمانوں پر زور دیا کہ برطانیہ اور یورپی معاشروں میں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل کو دین اسلام کی افادیت اور اہمیت سے روشناس کرائیں۔ تاکہ آنے والے وقتوں میں وہ نہ صرف اسلام کے صحیح معمار بلکہ ان سے مذہبی سطح پر ایک متحرک باشعور اور موثر قیادت پیدا ہوسکے۔ مرکزی جماعت اہلسنت برطانیہ و اوورسیز کے صدر احمد نثار بیگ قادری نے کہا کہ پُرآشوب دور میں جب ہر شخص نفسانفسی کے عالم میں مسائل اور مصائب میں گھرا ہوا ہے تو ایسی صورت میں اطمینان قلب کے لیے تاجدار مدنی کے اسوہ حسنہ کے مطابق اگر اپنی زندگیوں کو ڈھال لیں تو پھر کوئی وجہ نہیں کہ وہ دین و دنیا میں کامیابی حاصل نہ کرسکیں۔ مولانا عبدالرزاق نقشبندی نے کہا کہ اگر ہم اپنی منزل کا مرکز و محور مدینہ پاک کو بنالیں تو معاشی استحصال اور لالچ خود بخود دم توڑ دے گا۔ جس سے اسلام کی نہ صرف روحانی قدروں کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا وقار بحال کرنے میں کامیابیاں حاصل کرسکے گی۔ مولانا کبیر قمر نے کہا کہ حضور اکرمؐ پوری کائنات میں بلند ترین مقام پر فائز ہیں اور اسی وجہ سے شاہ و گدا امیر و غریب حتیٰ کہ غیر مسلم بھی آپؐ کی ذات کو محسن عظیم قرار دیتے ہیں۔ تقریب سے بیرسٹر اشتیاق احمد نے بھی خطاب کیا۔ بارگاہ رسالتؐ میں نذرانہ عقیدت صوفی فضل رسول اور مولانا محبوب احمد نے پیش کیا۔ آخر میں امت مسلمہ کی کامیابیوں و کامرانیوں کے لئے خصوصی دعا کی گئی اور میلاد پاک کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔
تازہ ترین