• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صورتحال جنگ سے زیادہ خطرناک ہے، خطرے کے مطابق اقدامات کرنا ہوتے ہیں

کراچی(ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر عبدالقیوم نے کہا ہے کہ لاہور میں پی ایس ایل فائنل پرامن طور پر منعقد کروایا جائے گا، فائنل کی سیکورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، لاہور فائنل میں اسٹیڈیم شائقین کرکٹ سے بھرا ہوا ہوگا،لاہور فائنل کیلئے جتنی ضرورت پڑی سیکیورٹی دی جائے گی،رینجرز صرف لاہور کیلئے نہیں پورے پنجاب کیلئے ہوگی۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی،سابق آئی جی پنجاب شوکت جاوید اور سابق سیکرٹری دفاع نعیم خالد لودھی بھی شریک تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا آئندہ  ٹورنامنٹ پاکستان میں ہی ہونا چاہئے، سندھ میں رینجرز کو کراچی کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اختیارات دیئے گئے تھے، کسی دوسرے علاقے میں رینجرز کو اختیارات وہاں کی ضروریات کو سامنے رکھ کر دینا ہوں گے۔شوکت جاوید نے کہا کہ کراچی، اسلام آباد یا پنجاب میں رینجرز کی موجودگی کی وجہ سمجھ نہیں آتی ہے،رینجرز کی کراچی میں بھی ضرورت نہیں ہے، کراچی میں قائم امن دیرپا نہیں ہے،آپریشن ختم ہوتے ہی حالات واپس اپنی جگہ چلے جائیں گے۔نعیم خالد لودھی نے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل بہت اچھا فیصلہ ہے،پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی میں لاہور پولیس کی مدد کیلئے فوج کو بھی آنا پڑے گا۔ سینیٹر عبدالقیوم نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ نفسیاتی لڑائی ہے، دہشتگرد اپنے حملوں سے نفسیاتی طور پر ہمیں دبانے کی کوشش کررہے ہیں، شائقین سیکیورٹی کیلئے تعاون کے ساتھ اردگرد بھی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حالات نارمل نہ ہونے کی وجہ سے کراچی میں رینجرز لگانی پڑی،موجودہ حالات میں جنگ سے بھی زیادہ خطرناک صورتحال ہے،ہنگامی حالات میں خطرے کے مطابق اقدامات کرنا ہوتے ہیں،رینجرز صرف لاہور کیلئے نہیں پورے پنجاب کیلئے ہوگی، انڈیا کا پاکستان میں ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہونا انڈین قیادت کے بیانات سے ثابت ہوجاتا ہے، پاکستان بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنا چاہتا ہے، پاکستان بڑھکیں مارنے کاعادی نہیں، ہمیں پتا ہے اپنا دفاع کیسے کرنا ہے۔سعید غنی نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں اور ثقافت میں مصروف کیا جائے گا تو وہ منفی سرگرمیوں سے بچ جائیں گے،کراچی اور باقی پورے ملک میں ہونے والی دہشتگردی میں فرق ہے۔انہوں نے کہا کہ رینجرز صرف کراچی تک محدود نہیں،پورے سندھ میں ہے، رینجرز کو کچھ مخصوص اختیارات کراچی ڈویژن کی حدود میں حاصل ہیں، کراچی آپریشن میں پولیس کی کارکردگی بہت زبردست ہے، کراچی کے تینوں آپریشنز میں سب سے کامیاب پولیس کا آپریشن رہا ہے۔
تازہ ترین