• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی جانب سے عمران خان کی مذمت

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) عمران خان کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لئے لاہور کا دورہ کرنے والے معروف کرکٹ سٹارز ڈیرن سیمی اور ڈیوڈ مالان کی بے عزتی پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کولن گریوز نے ان کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ دونوں معروف کھلاڑیوں کے بارے میں عمران خان کے ریمارکس بہت گھٹیا ہیں۔ کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہنا غلط ہے۔ کولن گریوز نے پی ٹی آئی لیڈر عمران خان کی جانب سے نازیبا ریمارکس پر کھلاڑیوں کا زبردست دفاع کیا اور کہا کہ اس طرح کے ریمارکس دینا نامناسب ہے، کیونکہ یہ کھلاڑی پکے ٹریک ریکارڈ کے ساتھ ورلڈ کلاس کرکٹر ہیں، ان کے پاکستان جانے کو سراہا جائے اور عزت دی جائے۔ تنقید کا نشانہ نہ بنایا جائے۔ اس قسم کے کھلاڑیوں کی بے عزتی نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ جو پاکستان کرکٹر بورڈ نے کیا درست تھا اور اس کے کامیاب انعقاد پر ہمیں مسرت ہے۔ لاہور میں کھیلنے کے انکاری کیون پیٹرسن جیسے کھلاڑیوں کے بارے میں کوکن گریوز نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ تھا اور ان کو آنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔ واضح رہے کہ2010ء میں سپاٹ فکسنگ پر سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر کو سزا ہونے کے وقت کولن گریوز نے محمد عامر کی سب سے زیادہ وکالت کی تھی اور کرکٹ دنیا میں ان کی بحالی کے لئے مہم چلائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پی سی ایچ کے چیئرمین شہریار خان کو ذاتی طور پر جانتے ہیں اور پی سی بی کو اچھی حالت میں رکھنے پر ان کے معترف ہیں۔
تازہ ترین