• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن حملہ آورخالد مسعود کا داعش یا القاعدہ سے تعلق ثابت نہیں ہوا

لندن(جنگ نیوز) برطانوی پولیس کے ایک سینئر افسر نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے برطانوی پارلیمنٹ کے باہر حملہ کرکے 4 افراد کو ہلاک کرنے والے خالد مسعود کا شدت پسند تنظیم داعش یا القاعدہ سے تعلق ثابت نہیں ہوا۔ رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات کرنے والے برطانوی پولیس کے ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر نیل باسو نے بتایا کہ ʼویسٹ منسٹر حملہ آور خالد مسعود کے داعش یا القاعدہ سے روابط کے شواہد نہیں ملے۔ پولیس کو ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے یہ ثابت ہو کہ اس نے حملے کا منصوبہ کسی اور کے ساتھ شیئر کیا تھا۔باسو نے کہا کہ ʼخالد مسعود نے حملے کے لیے ایک ایس یو وی وین اور چھریوں کا استعمال کیا اور یہ طریقہ اس نے دیگر حملوں کو دیکھ کر سیکھا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ویسٹ منسٹر حملے سے قبل خالد مسعود کاؤنٹر ٹیرر پولیس یا برطانوی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی نگرانی کی فہرست میں نہیں تھا۔برٹش پریس ایسوسی ایشن نے حملہ آور خالد مسعود کی والدہ کا بیان بھی جاری کردیا ہے جس میں انہوں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق خالد مسعود کی والدہ جینیٹ اجاؤ نے کہا کہ ʼمیں اپنے بیٹے کے اقدام پر انتہائی رنجیدہ اور حیرت زدہ ہوں جس کی وجہ سے معصوم لوگوں کی جانیں گئیں۔ 
تازہ ترین