• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات سے مطمئن ہیں،چینی سفیر

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ سی پیک کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات سے ہم مطمئن ہیں۔ پاک چین دوستی ہر امتحان میں پوری اتری ہے ٗ آئندہ بھی ایسا ہی ہو گا، ہماری لازوال اوربے مثال دوستی دونوں ممالک کے علاوہ پورے خطے کیلئے مفید ہے۔ چین کے سفیر نے یہ بات ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل اور چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل سے ملاقات کے دوران کہی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی ہیں جبکہ سی پیک کے پاکستان کے اقدامات سے ہم مطمئن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کسی چینی کمپنی کو پاکستان میں پرانی مشینری لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی بلکہ جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر بھی کی جائے گی۔ اسی طرح اقتصادی راہداری منصوبہ کے بجلی گھر کم ایندھن میں زیادہ پیداوار دینگے اور انکے ماحولیاتی اثرات بھی کم ہونگے۔انھوں نے بتایا کہ سب سے پہلے نیشنل گرڈ میں گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی شامل کر کے پاکستان میں توانائی کا بحران ختم کیا جا رہا ہے جس کے بعد انفراسٹرکچر کو ترقی دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری برادری کیلئے ویزا کا حصول سہل بنایا جا رہا ہے اور وفاقی چیمبر سے متعلقہ افراد کو ترجیحی بنیادوں پرویزا فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل نے کہا کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے اور دونوں ملک تعلقات کو تجارت سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں اسلئے کاروباری برادری کو پریشان نہیں ہونا چاہیے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ سے خوشحالی بڑھے گی جس سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب آئینگے۔ انھوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی بروقت تکمیل میں کسی چیز کو رکاوٹ نہ بننے دیا جائے۔
تازہ ترین